Categories

Site Information

 Loading... Please wait...

Blog

اچھی اور گہری نیند کے چند راہنما اصول

Posted by Saloni Editorial on

بعض اوقات نیند کی کمی کا شکار لوگوں کی بستر میں لیٹے رہنے سے بھی آرام کی طلب پوری نہیں ہوتی۔

ذیل میں چند عادات و مصروفیات پیش کی جارہی ہیں اُمید ہے یہ آپ کی گہری اور مکمل نیند کیلئے سود مند ثابت ہوں گی

:

روشنی کی قدر کیجئے

جیسے ہی آپ صبح جاگیں کوشش کیجئے کہ چند لمحات سورج کی شعاعوں میں گزار لیں کیونکہ علی الصبح سورج کی روشنی دیکھنے سے نہ صرف آپ تروتازہ محسوس کریں گے بلکہ آپ کے دماغ میں موجود قدرتی گھڑیال بھی یہ جان جائے گا کہ اسے کس وقت جاگنا ہے اور کس وقت سونا ہے۔

دفتر میں روشنی کی فراہمی

دفتر میں آپ جس جگہ پر بیٹھتے ہیں کیا وہ بالکل تاریک تو نہیں؟ کیا وہاں تک قدرتی روشنی کی رسائی ممکن ہے؟ اگر نہیں ہے تو آپ وقفے وقفے سے سورج کی روشنی میں جائیے۔ آپ خود کو تازہ دم محسوس کریں گے۔ جرنل آف کلینکل سلیپ میڈیسن کے مطابق ایسے افراد جو دفتری اوقات میں قدرتی روشنی سے مستفید ہوتے ہیں وہ مصنوعی روشنی میں دن کا زیادہ وقت گزارنے والوں کی نسبت زیادہ پُرسکون رہتے ہیں۔

ٹیکنالوجی کے اثرات

ٹیکنالوجی کو صرف دن کے اوقات تک محدود رکھیں! اگر آپ رات کے وقت موبائل، لیپ ٹاپ یا ٹیپ وغیرہ استعمال کرنے کے عادی ہیں تو اس بات میں کوئی شک نہیں کہ آپ نیند کی کمی کا شکار نہ ہوں۔ کیونکہ ماہرین کے مطابق موبائل، لیپ ٹاپ یا کسی بھی قسم کی روشنی والی ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے سے انسان نیند کی کمی کا شکار ہو سکتا ہے۔ ایک سروے کے مطابق 95 فیصد امریکی سونے سے پہلے کسی نہ کسی ٹیک گیجٹ کا استعمال کرتے ہیں اور ان گیجٹس سے نیلے رنگ کی روشنی خارج ہوتی ہے جو کہ ہمارے دماغ کو سونے سے روکتی ہے۔ آپ اپنی اس عادت پر قابو پا سکتے ہیں اگر آپ لنچ بریک کے دوران اپنی تمام ذاتی ای میلز یا ایس ایم ایس کا جواب دے دیں اور خاص طور پر سونے سے ایک گھنٹہ قبل موبائل یا دیگر گیجٹس کا استعمال تر کر دیں تو اس طرح آپ رات کو ٹیکنالوجی کے عتاب سے محفوظ رہ سکیں گے۔

رات کا کھانا جلدی کھائیے

رات کا کھانا کھاتے ہی لیٹ جانا صحت مند عادتوں میں شمار نہیں ہوتا۔ جس قدر ممکن ہو رات کا کھانا جلدی کھانے کا معمول بنائیں اگر ہو سکے تو کھانے کے بعد چہل قدمی کو بھی اپنے معمول کا حصہ بنائیں۔

ہلکی ورزش کو معمول بنائیں

خاص طور پر وہ لوگ جن کا سارا دن بیٹھ کر گزرتا ہے انہیں چاہئے کہ وہ ہلکی پھلکی ورزش کو اپنی روٹین میں ضرور شامل کریں۔

غیر ضروری خیالات کو دماغ سے نکال باہر کیجئے

بستر پر لیٹنے سے پہلے کوشش کیجئے کہ تمام منفی سوچوں کو دماغ سے نکال دیا جائے کیونکہ زیادہ سوچنا اور ذہنی تناؤ نیند کی کمی کا باعث بنتے ہیں۔ اپنی سوچ کو مثبت بنائیں اور سونے سے قبل تمام پریشانیوں اور معاملات کو دماغ سے باہر نکال پھینکیں۔ لمبے اور گہرے سانس لے کر خود کو اگلے دن کا سامنا کرنے کیلئے تیار کیجئے۔ ہر آنے والے دن کا سامنا آپ تب ہی کر سکیں گے جب آپ ہشاش بشاش اور تازہ دم ہوں گے اور ایسا اچھی اور گہری نیند کے بغیر ممکن نہیں۔

Back to Top